اسلام آباد: دہری شہریت سفری ہدایات کے تحت حکومت پاکستان نے بیرون ملک مقیم دوہری شہریت رکھنے والے پاکستانیوں کے لیے نئے سفری ضوابط نافذ کر دیے ہیں۔ یہ ہدایات ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر فوری طور پر نافذ کر دی گئی ہیں، جبکہ امیگریشن حکام کو بھی اس حوالے سے باضابطہ آگاہ کر دیا گیا ہے۔
نئے قواعد کے مطابق وہ پاکستانی شہری جو غیر ملکی پاسپورٹ پر پاکستان سفر کرتے ہیں، ان کے لیے کارآمد نیشنل آئیڈینٹی کارڈ فار اوورسیز پاکستانیز (نائیکوپ) یا پاکستانی ویزا ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔
حکام کے مطابق اگر کسی مسافر کے پاس زائدالمیعاد یا منسوخ شدہ نائیکوپ موجود ہے تو اسے پاکستان آمد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایسے افراد کو سفر سے پہلے اپنے نائیکوپ کی تجدید یا پاکستانی ویزا حاصل کرنا ہوگا۔
دہری شہریت سفری ہدایات کا اطلاق برطانیہ سمیت دنیا کے تمام ممالک سے آنے والے دوہری شہریت رکھنے والے پاکستانیوں پر یکساں طور پر ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد امیگریشن نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔
نئے ضوابط کے تحت پاکستان پہنچنے پر غیر ملکی پاسپورٹ رکھنے والے دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو امیگریشن حکام کے سامنے یا تو کارآمد نائیکوپ یا پاکستانی ویزا پیش کرنا ہوگا، بصورت دیگر انہیں سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
متعلقہ حکام نے اوورسیز پاکستانیوں کو مشورہ دیا ہے کہ سفر سے قبل اپنی تمام سفری دستاویزات کی مدت اور حیثیت ضرور چیک کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔


