Search
Close this search box.
بدھ ,15 جولائی ,2026ء

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کرنے کی تجویز پر تحفظات

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کرنے کی حکومتی تجویز پر پٹرول پمپ مالکان نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس مجوزہ نظام کو ناقابلِ قبول قرار دے دیا ہے۔ مجوزہ پالیسی کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے نظام میں حکومت کا براہِ راست کردار محدود ہو جائے گا، جبکہ اوگرا موٹر اسپرٹ (پیٹرول)، ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں روزانہ مقرر کرے گی۔ تجویز کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق ہر روز رات 12 بجے سے کیا جائے گا۔

دوسری جانب آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے اس مجوزہ فیصلے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں مسلسل تبدیلی سے کاروباری سرگرمیاں مزید متاثر ہوں گی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق موجودہ ہفتہ وار قیمتوں کے نظام نے بھی پٹرول پمپ مالکان کو مالی مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، جبکہ روزانہ قیمتوں کا نفاذ مسائل میں مزید اضافہ کرے گا۔

ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ کا کہنا ہے کہ اسٹاک مینجمنٹ، مالی منصوبہ بندی اور کاروباری استحکام کے لیے قیمتوں میں بار بار تبدیلی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم پالیسی فیصلے میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، جو تشویش کا باعث ہے۔

پٹرول پمپ مالکان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کرنے کی تجویز پر نظرثانی کی جائے اور تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد قابلِ عمل پالیسی مرتب کی جائے۔

ایسوسی ایشن نے تجویز دی ہے کہ روزانہ یا ہفتہ وار تبدیلی کے بجائے کم از کم ماہانہ بنیادوں پر قیمتوں کے تعین کا نظام متعارف کرایا جائے تاکہ کاروباری طبقے کو استحکام حاصل ہو سکے۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر مطالبات پر غور نہ کیا گیا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں