اسلام آباد (اوصاف نیوز)وی پی این سروسز کے حصول سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کے لیے نئی اور سہل ہدایات جاری کرتے ہوئے وی پی این استعمال کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اب صارفین کو وی پی این رجسٹریشن کے لیے پی ٹی اے سے رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ براہِ راست لائسنس یافتہ وی پی این فراہم کنندگان سے خدمات حاصل کر سکیں گے۔
پی ٹی اے نے وی پی این سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو لائسنس جاری کرنے کا باضابطہ عمل بھی شروع کر دیا ہے۔پی ٹی اے کے مطابق وی پی این سروسز اب کلاس ویلیو ایڈڈ سروسز (ڈیٹا) کے لائسنس کے تحت فراہم کی جائیں گی۔ لائسنس یافتہ کمپنیوں میں الفا 3 کیوبک، زیٹا بائٹ، نکسیلیم ٹیک، ویژن ٹیک 360 اور یو کے آئی کونیِک سولیوشنز شامل ہیں۔
پی ٹی اے کے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام صارفین کی سہولت اور ڈیجیٹل ماحول میں بہتری کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق لائسنس یافتہ وی پی این سروسز کے ذریعے صارفین کو محفوظ، قانونی اور معیاری آن لائن رابطہ فراہم کیا جائے گا، جبکہ وی پی این کا استعمال صرف جائز اور قانونی مقاصد کے لیے اجازت یافتہ ہوگا۔
پی ٹی اے کے مطابق غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کے استعمال سے سائبر خطرات اور ڈیٹا چوری کے امکانات بڑھتے ہیں۔ نئے نظام سے نہ صرف ڈیجیٹل سکیورٹی میں بہتری آئے گی بلکہ قومی سطح پر سائبر سکیورٹی کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
پی ٹی اے نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں ایک شفاف، محفوظ اور منظم ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنا ہے، جہاں صارفین اعتماد کے ساتھ وی پی این استعمال کر سکیں۔
مزید پڑھیں:ملک بھر میں شدید بارشیں، سیلاب کا الرٹ جاری


