اسلام آباد (اوصاف نیوز) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت سوشل پروٹیکشن والٹ کا پائلٹ مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔
بی آئی ایس پی کے ترجمان کے مطابق پہلے 24 گھنٹوں میں 30 سے زائد اضلاع میں 5,747 مفت موبائل سمیں جاری کی گئیں۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کے لیے شفاف، باوقار اور براہ راست مالیاتی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔
پی آئی ایس پی کے ترجمان نے کہا کہ پہلے مرحلے میں، بی آئی ایس پی ڈائنامک رجسٹری سینٹرز پر اہل خواتین کو اپنے سوشل پروٹیکشن والیٹس کو فعال کرنے کے لیے مفت سمیں جاری کی جا رہی ہیں۔ مستقبل میں تمام ادائیگیاں ان سموں کے ذریعے کی جائیں گی۔ دوسرا مرحلہ 24 نومبر سے 53 اضلاع میں شروع ہوگا۔
اہل خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان سموں کی اسی طرح حفاظت کریں جس طرح وہ اپنے ذاتی سامان کی حفاظت کرتی ہیں۔
حکام کے مطابق نئے ڈیجیٹل سسٹم کے تحت ایک کروڑ سے زائد مستحق خواتین کو بالکل مفت سمیں فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے نہ صرف انہیں مالی امداد تک آسان رسائی ملے گی بلکہ وہ ڈیجیٹل فنانس کی دنیا سے بھی منسلک ہو جائیں گی۔
مفت سم کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ کار:
اس ڈیجیٹل والیٹ کو حاصل کرنے کا طریقہ بھی بہت آسان بنایا گیا ہے۔ مستحق خواتین اپنے اصل شناختی کارڈ اور اپنے استعمال کردہ موبائل فون کے ساتھ قریبی بی آئی ایس پی آفس یا کیمپ سائٹ پر جائیں گی۔
دفتر میں موجود عملہ ان کے بائیو میٹرکس کی تصدیق کرے گا جس کے بعد انہیں بالکل مفت موبائل سم فراہم کی جائے گی۔ اس سم کو ان کے سوشل پروٹیکشن والیٹ کے طور پر استعمال کیا جائے گا، جس کے ذریعے وہ اپنی ہر قسط کی مکمل تفصیلات بھی دیکھ سکیں گے۔
مزید پڑھیں:غیر رجسٹرڈ فون رکھنے والوں ہوشیار! PTA نے بلاکنگ کا اعلان کر دیا

