برسبین (اوصاف نیوز) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہیلمٹ نہ پہننے پر مشکل میں پڑ گئے۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کھیلنے کے لیے برسبین میں موجود انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس سمیت دو کھلاڑیوں کو کوئنز لینڈ قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بغیر ہیلمٹ اسکوٹر چلا کر کوئنز لینڈ قوانین کی خلاف ورزی کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس اور دیگر کرکٹرز کو قانون کی خلاف ورزی پر پولیس ایکشن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کیپٹن بین اسٹوکس، مارک ووڈ اور جیمی اسمتھ نے برسبین میں اپنے فارغ وقت میں ای اسکوٹر چلانے کا شوق پورا کیا اور ای اسکوٹر پر شہر کی سیر کرنے نکلے، اس دوران انہوں نے ہیلمٹ نہیں پہنے۔
کوئنز لینڈ کے قوانین کے مطابق ای سکوٹر استعمال کرتے وقت سواروں کو ہیلمٹ پہننا چاہیے، بین اسٹوکس، مارک ووڈ اور جیمی اسمتھ نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔
جیمی اسمتھ کے اسکوٹر پر ہیلمٹ لٹکا ہوا ہے لیکن وہ اسے نہیں پہنے ہوئے ہیں، قانون کی خلاف ورزی پر سواروں کو 166 AUD جرمانہ ہو سکتا ہے۔
انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی آسٹریلیا میں سرگرمیوں کو کم رکھا گیا ہے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، مارک ووڈ فٹنس مسائل کا شکار ہیں اور ان کے گھٹنے میں پٹی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے آسٹریلیا میں قوانین کی خلاف ورزی کی ہو، کیون پیٹرسن کو 2010-11 میں میلبورن میں تیز رفتاری پر 239 AUD جرمانہ کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:پولیس موبائل پر خودکش حملہ، ایک اہلکار شہید




