(اوصاف نیوز)مصری اداکار طارق الامیر کو شدید طبی بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہ مکمل کوما میں چلے گئے ہیں اور اس وقت قاہرہ کے ایک نجی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہیں۔
اداکار طارق الامیر کے ایک قریبی ذریعے نے ’العربیہ ڈاٹ نیٹ ‘اور ’الحدث ڈاٹ نیٹ‘ کو بتایا کہ ان کی موجودہ خرابی صحت کی وجہ دل کے شریانوں میں شدید نقص ہے، بتایا گیا کہ وہ پہلے بھی دل کے مسائل سے دوچار تھے مگر انہیں اس کا علم نہیں تھا۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل انہیں شدید تکلیف ہوئی اور وہ بے ہوش ہو گئے جس پر انہیں فوری طور پر قاہرہ کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، ابتدائی طبی معائنے میں ان کا دل بند پایا گیا اور میڈیکل ٹیم نے فوری طور پر انہیں بحال کرنے کی کوشش کی۔
ذرائع نے بتایا کہ طارق الامیر کی حالت انتہائی بگڑ گئی تھی، ان کا دل تین مرتبہ بند ہوا جن میں سے ایک بار دل کی دھڑکن پندرہ منٹ سے زیادہ رکی رہی تاہم ڈاکٹرز انہیں دوبارہ زندگی کی طرف لانے میں کامیاب رہے، فی الحال وہ ابھی کوما میں ہیں اور انہیں آکسیجن پر آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔
طارق الامیر کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے نوے کی دہائی میں فنی سفر کا آغاز کیا، سنہ 1965ء میں قاہرہ میں پیدا ہونے والے طارق الامیر نے فلم اور ڈراما دونوں میدانوں میں معاون کردار نبھائے۔
ان کے نمایاں فلمی کاموں میں سنہ 2003 ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ’اللی بالی بالک‘ میں محمد سعد کے ساتھ افسر ہانی کا کردار شامل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے سنہ 2010ء میں احمد حلمی کے ساتھ فلم ’عسل اسود‘ میں عبد المنصف کا کردار ادا کیا، فلم ’عوکل‘ میں مسعد کا کردار بھی ان کی پہچان بنا۔
طارق الامیر بطور مصنف بھی کام کر چکے ہیں،انہوں نے فلمیں ’کتکوت‘ ’مطب صناعی‘ اور ’الحب کده‘ بھی تحریر کیں۔
مزید پڑھیں:یا اللہ خیر کر:تاریخی شہر میں افسوسناک واقع 22 افراد جاں بحق، 16 زخمی


