Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

محکمہ تعلیم کا خواجہ سرا کمیونٹی کیلئے قائم واحد سکول بھی بند، درجنوں طلبہ متاثر ، احتجاج

فیصل آباد (اوصاف نیوز)محکمہ تعلیم کی جانب سے خواجہ سرا کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے قائم کیا گیا ضلع کا واحد تعلیمی ادارہ بند کر دیے جانے پر درجنوں طلبہ تعلیم سے محروم ہو گئے، جبکہ تین اساتذہ کی ملازمتیں بھی ختم کر دی گئیں۔ سکول کی بندش کے خلاف خواجہ سرا کمیونٹی سراپا احتجاج بن گئی اور سی ای او ایجوکیشن دفتر کے سامنے شدید احتجاج کیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں سینکڑوں کی تعداد میں خواجہ سرا مقیم ہیں، جن میں سے ذرائع کے مطابق 300 سے زائد افراد نادرا کے ریکارڈ میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہیں، جبکہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ بتائی جاتی ہے۔ خواجہ سرا کمیونٹی کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے محکمہ تعلیم کی جانب سے ضلع میں ایک واحد سکول قائم کیا گیا تھا، جو ایوننگ کلاسز کی صورت میں چل رہا تھا۔اس سکول میں 60 سے زائد خواجہ سرا طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم تھے جبکہ تین اساتذہ تدریسی فرائض انجام دے رہے تھے۔

، تاہم محکمہ تعلیم کی جانب سے بغیر کسی پیشگی نوٹس کے اس سکول کو بند کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں نہ صرف طلبہ تعلیم سے محروم ہو گئے بلکہ اساتذہ بھی بے روزگار ہو گئے۔سکول کی بندش پر خواجہ سرا کمیونٹی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج میں شریک معروف خواجہ سرا شلپا اور نینا کا کہنا تھا کہ خواجہ سرا کمیونٹی کو ہمیشہ معاشرے میں نظر انداز کیا جاتا ہے اور اگر وہ تعلیم حاصل کر کے باعزت زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو انہیں اس بنیادی حق سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ معاشرہ انہیں قبول کرنے کے بجائے ناچ گانے پر مجبور کرتا ہے، حالانکہ اگر تعلیم اور مواقع فراہم کیے جائیں تو خواجہ سرا بھی معاشرے کے کارآمد اور مفید شہری بن سکتے ہیں۔ انہوں نے فیصل آباد پولیس میں بطور وکٹم سپورٹ آفیسر خدمات انجام دینے والی نینا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلیم اور مواقع ملیں تو خواجہ سرا بھی باعزت روزگار کما سکتے ہیں۔

خواجہ سرا کمیونٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ امتیازی سلوک ختم کیا جائے اور تعلیم جیسا بنیادی حق بحال کیا جائے، تاکہ وہ بھی معاشرے کا مثبت حصہ بن سکیں۔دوسری جانب اس معاملے پر سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد عبدالکریم سے موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی جواب دینے سے گریز کیا۔
مزید پڑھیں:سری لنکا کے معروف سابق ٹیسٹ کرکٹر چل بسے

یہ بھی پڑھیں