ڈھاکہ (اوصاف نیوز) بنگلہ دیش نے پاکستانی میڈیکل طلباء کے لیے اہم اور خوش آئند اعلان کر دیا، میڈیکل کی تعلیم کے دروازے کھول دیے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی حکومت نے پاکستانی طلباء کے لیے میڈیکل کی کل 23 سیٹیں مختص کی ہیں جن میں سے 21 سیٹیں ایم بی بی ایس کے لیے جبکہ 2 سیٹیں بی ڈی ایس (ڈینٹل سرجری) کے لیے مختص ہیں۔ یہ نشستیں بنگلہ دیش کے مختلف تسلیم شدہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں دستیاب ہوں گی۔
اعلامیہ کے مطابق دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ داخلہ کے لیے اپنی درخواستیں ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے ذریعے جمع کرائیں۔ طلباء اپنی درخواستیں بذریعہ ڈاک یا آن لائن دونوں طریقوں سے جمع کروا سکتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ امیدوار اس موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 دسمبر 2025 ہے، جبکہ امیدواروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تمام مطلوبہ دستاویزات مقررہ تاریخ سے پہلے مکمل کر کے جمع کرائیں تاکہ کسی تاخیر یا تکلیف سے بچا جا سکے۔
یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پاکستانی طلباء کو بیرون ملک معیاری طبی تعلیم حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔
مزید پڑھیں:برائلرمرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ

