لاہور (اوصاف نیوز) پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے صاحبزادوں قاسم اور سلیمان خان نے اپنے والد کی قید کے موجودہ حالات کو انتہائی خراب قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اڈیالہ جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں بھائیوں کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ عمران خان کا سیل ناقص لائٹنگ اور محدود سہولیات کے باعث بہت مشکل ہے۔
سلیمان خان کا کہنا تھا کہ سیل میں اکثر بجلی منقطع رہتی ہے، پانی صاف نہیں اور جیل کے موجودہ حالات قیدیوں کے حقوق کے بین الاقوامی معیار پر بالکل بھی پورا نہیں اترتے۔
قاسم خان کا کہنا تھا کہ والد کی قید کا اثر بھی خاندان پر بہت منفی ہے، بیرون ملک بیٹھ کر وہ اس صورتحال کے سامنے بے بس محسوس کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان 2 سال سے زائد عرصے سے جیل میں ہیں، جس کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے کئی مرتبہ احتجاج اور پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔
عمران خان کی بہنوں کا دھرنا، جس میں وہ اپنے بھائی سے ملنے کی کوشش کر رہی تھیں، بھی گزشتہ ہفتے ٹوٹ گیا، جس کی آخری رسمی ملاقات 2 دسمبر کو ہوئی تھی۔
قاسم اور سلیمان خان نے کہا کہ وہ جنوری میں پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، لیکن ویزا کی منظوری کے منتظر ہیں۔ دونوں نے اپنے والد کی ملک کے لیے لگن اور قربانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا مقصد ذاتی خواہشات سے بالاتر ہے اور وہ ملک کے لیے اپنا فرض ادا کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:خوشخبری !طلباء کے لیے میڈیکل نشستیں مختص کر نے کا فیصلہ

