اسلام آباد (اوصاف نیوز) فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں امیدواروں کی سہولت کے لیے ایک قدم اٹھایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی ایس ایس 2026 کے امتحانات کے لیے نیا طریقہ کار نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
CSS 2026 سے، ایک دن میں صرف ایک لازمی پرچہ لیا جائے گا۔ اب سی ایس ایس امتحان میں ایک دن میں 2 کے بجائے صرف ایک لازمی پرچہ ہوگا۔
ایف پی ایس سی کے مطابق امتحانات کے لیے نئے طریقہ کار کا فیصلہ امیدواروں کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے جب کہ سی ایس ایس 2026 کے امتحانات کا تفصیلی شیڈول جلد جاری کر دیا جائے گا۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے گریڈ 17 میں بھرتی کے لیے منعقدہ سی ایس ایس مقابلے کے امتحانی نتائج میں صرف 2.48 فیصد امیدوار کامیاب ہوئے۔
سی ایس ایس تحریری امتحان میں ملک بھر سے 15,602 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے صرف 397 امیدوار کامیاب ہوئے۔
زبانی امتحان میں مزید 10 امیدوار ناکام ہوئے اور صرف 387 امیدوار کامیاب ہوئے۔ ان میں سے 207 مرد اور 180 خواتین امیدوار ہیں۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے پاس ہونے والے امیدواروں میں سے 119 مرد اور 110 خواتین امیدواروں کی تقرری کی سفارش کی ہے۔
واضح رہے کہ سی ایس ایس امتحان کا مقصد سول سروس میں بی پی ایس 17 آسامیوں پر باصلاحیت اور قابل لوگوں کو بھرتی کرنا ہے اور کامیاب امیدواروں کو وفاقی حکومت کے تحت 12 محکموں میں تعینات کیا جاتا ہے۔
اس مسابقتی امتحان میں کامیاب امیدواروں کو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پاکستان کسٹمز، فارن سروس آف پاکستان، اور پاکستان پولیس سروس جیسے دیگر اداروں میں خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔
سی ایس ایس امتحانات کے حتمی نتائج دیکھنے کے لیے درج ذیل ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔
مزید پڑھیں:امریکی سفارتخانے کا جعلی اہلکار،افغان شہری گرفتار


