سیالکوٹ (اوصاف نیوز) شہر اور گردونواح میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے جس کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے۔ دھند کی شدت میں اضافے کے باعث تمام فلائٹ آپریشن اور شیڈول جزوی طور پر متاثر ہوا ہے۔
سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اس کے گردونواح میں بھی دھند چھائی ہوئی ہے۔ ایئرپورٹ کے ترجمان محمد عمیر خان کے مطابق شام سے دھند کی شدت میں اضافے کے باعث تمام فلائٹ آپریشنز اور شیڈول جزوی طور پر متاثر ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی محفوظ نقل و حرکت کے لیے کم از کم 500 میٹر حد تک بصارت ضروری ہے تاہم اس وقت ایئرپورٹ پر حد نگاہ 100 میٹر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دھند کی شدت کم ہوتے ہی تمام فضائی آپریشن شیڈول کے مطابق بحال کر دیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایئرپورٹ انتظامیہ تمام ایئر لائنز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ مسافروں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق تازہ ترین تفصیلات اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے حاصل کریں۔
مزید پڑھیں:لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 شدید دھند کے باعث بند




