اسلام آباد (اوصاف نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد لوگوں نے بڑی تعداد میں سیاحتی مقامات کا رخ کرلیا جب کہ بارش نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
گلیات، نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی، ایبٹ آباد اور اس کے گردونواح میں بارش سے سردی بڑھ گئی، میرپور شہر اور گردونواح میں بارش سے سردی بڑھ گئی جب کہ اسلام آباد میں بھی بادل چھائے رہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری، بعض مقامات پر ہلکی بارش، سرگودھا شہر اور اس کے گردونواح میں بعض مقامات پر تیز بارش، خیبرپختونخوا میں بھی موسم نے کروٹ لی، جہاں پشاور میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، مردان شہر اور گردونواح میں بھی بارش ہوئی، جب کہ سوات اور جبل کے علاقوں میں برف باری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔
اسی طرح بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ زیارت، چمن، کان مہترزئی اور ٹوبہ اچکزئی میں بھی برف باری ہوئی۔ اس کے علاوہ پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات سمیت دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلیاں میں برفباری کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ لاہور، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، سیالکوٹ میں بارش کا امکان ہے۔
گوجرانوالہ اور نارووال میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، سکردو اور مری میں بارش کا امکان ہے۔
برف باری کے باعث سڑکیں بند ہونے اور ٹریفک کی روانی میں خلل پڑنے کا خطرہ ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:بسنت پر کس سائز کی پتنگیں اڑائی جائیں گی؟ فیصلہ کرلیا