نئی دہلی (اوصاف نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے انتہا پسند رہنما سنگیت سوم نے اداکار شاہ رخ خان کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے لیے بنگلہ دیشی کھلاڑی خریدنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کی قانون ساز اسمبلی کے سابق رکن سنگیت سوم نے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو خریدنے پر شاہ رخ خان کو ’غدار‘ قرار دے دیا۔
انہوں نے میرٹھ میں ایک عوامی تقریب کے دوران کہا کہ ایک طرف بنگلہ دیش میں ہندوؤں کو مارا جا رہا ہے اور دوسری طرف آئی پی ایل میں ان کے کرکٹرز کو خریدا جا رہا ہے۔
انتہا پسند بھارتی رہنما کا کہنا تھا کہ غدار اداکار شاہ رخ خان نے بنگلہ دیشی کرکٹر مستفیض الرحمان کو 9 کروڑ روپے میں خریدا، ایسے غداروں کو اس ملک میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔
شاہ رخ خان کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ملک کے لوگوں نے آپ کو اس مقام تک پہنچانے میں مدد کی ہے، اس لیے اگر آپ کو پیسہ ملتا ہے تو اس ملک سے آتا ہے، لیکن آپ نے اس ملک سے غداری کی ہے۔
سنگیت سوم نے خبردار کیا کہ اگر مستفیض الرحمان جیسے کھلاڑی جنہیں 16 دسمبر کو آئی پی ایل 2026 کی نیلامی کے دوران 9.2 کروڑ روپے میں خریدا گیا تھا، بھارت آتے ہیں تو وہ یہاں کے ہوائی اڈے سے باہر نہیں جا سکیں گے۔
مزید پڑھیں:ملک بھر میں موسمی صورتحال پر اہم اپڈیٹ جانیے


