Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

بالی ووڈ کےاداکار آشیش ودیارتھی اہلیہ سمیت حادثے کا شکار ،زخمی حالت میں ہسپتال منتقل

(اوصاف نیوز) بالی ووڈ کے سینئر اداکار آشیش ودیارتھی اور اُن کی اہلیہ روپالی باروا گواہاٹی میں پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں زخمی ہو گئے، جس کے بعد دونوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 63 سالہ آشیش ودیارتھی اور 52 سالہ روپالی باروا رات کے کھانے کے بعد سڑک عبور کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک تیز رفتار موٹر سائیکل نے انہیں ٹکر مار دی۔ حادثہ اچانک پیش آنے کے باعث دونوں زمین پر گر پڑے اور معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔

حادثے کے فوراً بعد موقع پر موجود مقامی افراد نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے جوڑے کو ایمرجنسی سروسز کے ذریعے اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ حادثے میں ملوث موٹر سائیکل سوار بھی زخمی ہوا ہے اور اسے بھی علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر آشیش ودیارتھی کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم اداکار نے خود سوشل میڈیا پر آ کر مداحوں کو صورتِ حال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ محفوظ ہیں اور کسی قسم کی سنگین چوٹ نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

آشیش ودیارتھی نے اپنے پیغام میں مداحوں، دوستوں اور خیر خواہوں کی جانب سے ملنے والی دعاؤں اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد مکمل صحتیاب ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ آشیش ودیارتھی بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اور منجھے ہوئے اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور انہوں نے بالی ووڈ سمیت مختلف علاقائی زبانوں کی فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں متعدد یادگار کردار ادا کیے ہیں۔
مزید پڑھیں:کوٹ لکھپت جیل کا قیدی انتقال کرگیا

یہ بھی پڑھیں