Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

چارسدہ میں شادی کی تقریب کے دوران مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

چارسدہ (اوصاف نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ کے علاقے شبقدر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شادی کی تقریب کے دوران ایک مکان کے کچے کمرے کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ شبقدر کے ایک رہائشی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی اور بڑی تعداد میں افراد ایک کچے کمرے میں موجود تھے۔ اچانک چھت گرنے کے باعث کمرے میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر بچے شامل ہیں جن کی عمریں 7 سے 15 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں، جبکہ ایک خاتون بھی جان کی بازی ہار گئی۔ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مکان کی چھت کچی ہونے اور بوسیدہ حالت میں ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا۔ مقامی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین میں غم و غصے اور سوگ کی فضا پائی جاتی ہے۔

اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ پرانی اور خستہ حال عمارتوں کی بروقت نشاندہی اور مرمت کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے حادثات سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں:بھارتی اداکارہ سری لیلا کی نازیبا تصاویر وائرل

یہ بھی پڑھیں