Search
Close this search box.
جمعرات ,04 جون ,2026ء

ہیک شدہ اکاؤنٹس کی بحالی کا طریقہ آخرکار سامنے آ گیا

اسلام آباد (اوصاف نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ہیک ہونے والے واٹس ایپ اکاؤنٹس کی بحالی اور فوری حفاظتی اقدامات کے لیے آگاہی ویڈیو جاری کر دی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق جن صارفین کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کیے گئے ہیں وہ پرسکون رہیں اور گھبرانے کی بجائے درست ریکوری کے اقدامات پر عمل کریں، اتھارٹی نے کہا کہ درست طریقہ اپنا کر صارفین چند منٹوں میں اپنے اکاؤنٹس کو ریکور کر سکتے ہیں۔

پی ٹی اے نے زور دیا کہ ذاتی ڈیٹا، پیغامات اور رابطوں کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے بروقت کارروائی بہت ضروری ہے۔

ویڈیو پیغام میں پی ٹی اے نے متاثرہ صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنا واٹس ایپ نمبر دوبارہ رجسٹر کریں، تصدیقی کوڈ حاصل کریں اور غیر مجاز رسائی برقرار رہنے کی صورت میں فوری طور پر واٹس ایپ سپورٹ سے رابطہ کریں۔

صارفین کو ہیکنگ کی کوششوں کی اطلاع دینے کی بھی ترغیب دی گئی ہے تاکہ آگاہی بڑھے اور دوسروں کو اس طرح کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پوری ویڈیو دیکھیں، باخبر رہیں اور اس معلومات کو اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ شیئر کریں تاکہ ڈیجیٹل سیکورٹی کو مضبوط کیا جا سکے۔

دوسری جانب سائبر سیکیورٹی اور ٹیکنالوجی کے ماہرین نے بھی خبردار کیا ہے کہ فشنگ لنکس، جعلی تصدیقی پیغامات اور کمزور سیکیورٹی سیٹنگز کی وجہ سے واٹس ایپ ہیکنگ کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آگاہی اور مناسب حفاظتی اقدامات اپنانے سے اکاؤنٹ ہیکنگ کے خطرے کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں‌:حجاب اور نقاب کرنے والی خواتین کو زیور نہیں بیچیں گے، جیولرز کے فیصلے نے تنازع کھڑا کردیا

یہ بھی پڑھیں