اسلام آباد (اوصاف نیوز)انٹرنیٹ صارفین کو 15 جنوری کو سست رفتار انٹرنیٹ اور ممکنہ سروس میں تعطل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ ملک کی ایک اہم سب میرین انٹرنیٹ کیبل پر مرمتی کام شیڈول کیا گیا ہے۔
انٹرنیٹ سروس فراہم کنندہ کمپنی نیا ٹیل کے مطابق یہ مرمتی کارروائی دوپہر تقریباً 2:00 بجے شروع ہوگی اور اس میں تقریباً آٹھ گھنٹے لگ سکتے ہیں، جس کے دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔
نیا ٹیل کی جانب سے صارفین کو بھیجے گئے ای میل میں کہا گیا ہے کہ یہ مرمت ایک بین الاقوامی سب میرین کیبل پر کی جا رہی ہے اور ناگزیر ہے۔
اگرچہ کمپنی نے کیبل کی درست جگہ یا خرابی کی تفصیلات فراہم نہیں کیں،تاہم صارفین کو ممکنہ طور پر انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔سب میرین کیبلز پاکستان کے بین الاقوامی ڈیٹا ٹریفک کے لیے انتہائی اہم ہیں، اور ان میں کسی قسم کی خرابی براؤزنگ، اسٹریمنگ، آن لائن کام اور دیگر ڈیجیٹل خدمات کو متاثر کر سکتی ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی ملک بھر میں صارفین نے شدید انٹرنیٹ سست روی اور بندش کی شکایت کی تھی، جو ایک اپ اسٹریم انٹرنیٹ فراہم کنندہ میں خرابی کی وجہ سے دو دن سے زائد جاری رہی تھی۔
نیا ٹیل اور دیگر سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مرمت کے دوران اپنی اہم آن لائن سرگرمیوں کی پیشگی منصوبہ بندی کر لیں تاکہ ممکنہ تعطل سے متاثر نہ ہوں۔
مزید پڑھیں:سوزوکی نے اپنی مشہورزمانہ گاڑی پربڑی آفر لگا دی




