اسلام آباد (اوصاف نیوز)وزارت داخلہ کی پانچ رکنی انکوائری کمیٹی نے اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں گیس لیکج دھماکے کی مکمل تحقیقات کر کے اپنی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں متعدد سخت سفارشات شامل ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔
رپورٹ میں سی ڈی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کچی آبادیوں کا ازسرِنو سروے کرے اور انہیں ریگولیٹ کرے تاکہ غیر قانونی اور خطرناک تعمیرات کا سدباب ممکن ہو سکے۔ ساتھ ہی، غیر قانونی انکروچمنٹس ختم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سوئی نادرن گیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گیس لوڈشیڈنگ کے شیڈول کو باقاعدگی سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر شیئر کرے تاکہ عوام کو پیشگی آگاہی مل سکے۔
عوام الناس کو بھی رات کو ہیٹر بند کر کے مین گیس وال بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ حفاظتی اقدامات بہتر بنائے جا سکیں۔
اوگرا کو بھی غیر معیاری اور غیر محفوظ گیس سلنڈرز کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ قوانین کو مزید سخت بنانے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔
کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نذر بزدار نے کی اور اس میں ضلعی انتظامیہ، جی ایچ کیو، آئی بی اور کیپیٹل ایمرجنسی سروس کے نمائندے بھی شامل تھے۔
مزید پڑھیں:گندم کے ریٹس میں 700 روپے فی من اضافہ
