(اوصاف نیوز)بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار اور ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ پیر کی شام ایئرپورٹ سے گھر واپسی کے دوران ایک غیر معمولی ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئے، تاہم خوش قسمتی سے وہ اور دیگر تمام افراد محفوظ رہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیرونِ ملک سے ممبئی پہنچنے کے بعد اداکار جوڑا اپنی گاڑی میں سیکیورٹی قافلے کے ہمراہ جوہو کے قریب جا رہا تھا کہ ایک تیز رفتار مرسڈیز کی ٹکر سے ایک آٹو رکشہ بے قابو ہوگیا۔ آٹو رکشہ پہلے سیکیورٹی گاڑی سے ٹکرایا اور پھر اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ کی گاڑی سے جا لگا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اچانک پیش آیا جس سے موقع پر افراتفری مچ گئی۔ ٹکر کے نتیجے میں آٹو ڈرائیور اور اس کی سواری کچھ دیر کے لیے گاڑی کے نیچے دب گئے، تاہم اکشے کمار اور ان کے عملے نے فوری طور پر امدادی کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
رپورٹ کے مطابق حادثے میں کسی کو سنگین چوٹ نہیں آئی۔ واضح رہے کہ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ اپنی شادی کی 25ویں سالگرہ منانے کے لیے بیرونِ ملک گئے تھے اور واپسی پر یہ واقعہ پیش آیا۔
مزید پڑھیں:شام کی شدادی جیل پر حملہ ، ایس ڈی ایف کا کئی حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ


