لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ میگھن سے متعلق بے بنیاد خبر شائع کرنے پر ڈیلی میل اخبار کے خلاف دائر مقدمے میں عدالت میں پیش ہوگئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لندن ہائی کورٹ میں پرائیویسی کی خلاف ورزی کیس کی سماعت کے دوران برطانوی شہزادہ ہیری جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں نم ہو گئیں۔
اس نے گھٹی ہوئی آواز میں کہا کہ ڈیلی میل اور اس کے پبلشر ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز نے میری اہلیہ میگھن مارکل کی زندگی کو بد ترین بنا دیا ہے۔
عدالت میں بیان دیتے ہوئے شہزادہ ہیری نے مزید کہا کہ 2022 میں مقدمہ دائر کرنے کے بعد میڈیا کا ان کے ساتھ رویہ مزید جارحانہ ہو گیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ صرف اخباری مالکان سے معافی اور احتساب چاہتے ہیں لیکن اس کے بجائے انہیں دوبارہ اسی اذیت سے دوچار کیا جا رہا ہے۔
شہزادہ ہیری نے ایسوسی ایٹڈ اخبارات کے دفاع کو “قابل نفرت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی نجی زندگی کے تحفظ کے حق پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت میں کھڑا ہونا اور اس سب کا دوبارہ سامنا کرنا صدمے کو دوبارہ زندہ کرنے کے مترادف ہوگا۔
دوسری جانب ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے صحافیوں نے جائز ذرائع سے معلومات حاصل کیں جن میں مشہور شخصیات کے قریبی افراد بھی شامل ہیں۔
تاہم شہزادہ ہیری نے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کسی صحافی سے کوئی ذاتی تعلق نہیں ہے۔
یہ مقدمہ لندن کی ہائی کورٹ میں نو ہفتے تک چلے گا۔ اداکارہ الزبتھ ہرلی جمعرات کو عدالت میں گواہی دینے والی ہیں۔
واضح رہے کہ شہزادہ ہیری، 41 سالہ ڈیوک آف سسیکس اور مشہور گلوکار ایلٹن جان سمیت چھ دیگر مدعی ڈیلی میل کے پبلشر کے خلاف مقدمہ لڑ رہے ہیں۔
اخبار پر ان کی نجی زندگی میں غیر قانونی مداخلت کا الزام ہے جس میں فون ہیکنگ، خفیہ نگرانی اور دھوکے سے معلومات حاصل کرنا شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:بھارتی فضائیہ کا تربیتی طیارہ گرگیا


