اسلام آباد (اوصاف نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بیرون ملک سے پرانے اور ری فربشڈ موبائل فونز کی درآمد پر نئی کسٹمز ویلیوز کا اعلان کیا ہے، جو صرف پرانے اور استعمال شدہ فونز پر لاگو ہوگی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ماتحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی کے مطابق نوٹیفکیشن کے اجرا کی تاریخ سے 30 دن کے اندر کوئی بھی شخص نظر ثانی کی پٹیشن دائر کر سکتا ہے۔
نئی کسٹمز ویلیوز کے تحت پی ٹی اے ٹیکس میں نمایاں کمی کی توقع ہے، جس سے ایپل، سام سنگ، گوگل، ون پلس سمیت کئی مقبول اسمارٹ فون برانڈز متاثر ہوں گے۔
آئی فون 15 کا استعمال شدہ فون تقریباً 350 ڈالر میں دستیاب ہے، جس پر پی ٹی اے ٹیکس سی این آئی سی کے تحت 34,101 روپے اور پاسپورٹ کے تحت 31,640 روپے ہوگا، مجموعی قیمت تقریباً 130,000 روپے یا اس سے زائد ہو سکتی ہے۔
آئی فون 15 پلس کی متوقع قیمت 370 ڈالر ہے، جس پر پی ٹی اے ٹیکس سی این آئی سی کے ذریعے 46,068 روپے اور پاسپورٹ کے ذریعے 40,448 روپے، مجموعی قیمت تقریباً 145,000 روپے ہوگی۔
آئی فون 15 پرو کی اوسط قیمت 400 ڈالر ہے، جس پر پی ٹی اے ٹیکس سی این آئی سی 47,580 روپے اور پاسپورٹ 41,960 روپے، مجموعی قیمت تقریباً 155,000 روپے تک پہنچ سکتی ہے۔
آئی فون 15 پرو میکس پر پی ٹی اے ٹیکس سی این آئی سی 50,604 روپے اور پاسپورٹ 44,984 روپے ہوگا، مجموعی قیمت تقریباً 175,000 روپے تک متوقع ہے۔
نئی کسٹمز ویلیوز کے نتیجے میں استعمال شدہ آئی فونز پاکستانی صارفین کے لیے نسبتاً زیادہ قابل رسائی ہو گئے ہیں، جس سے مارکیٹ میں ان فونز کی طلب میں اضافہ کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں:برطانوی شہزادہ ہیری عدالت میں رو پڑے، اہم انکشافات کر دیئے


