لاہور (شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ و میزبان مدیحہ امام نے بھارتی اداکارہ ودیا بالن کو پاکستان لا کر ڈرامہ بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
مدیحہ امام، جو اپنی شاندار اداکاری اور میزبانی کے باعث شوبز انڈسٹری میں نمایاں مقام رکھتی ہیں، نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور وی جے کیا تھا اور بعدازاں متعدد مقبول ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے۔
اداکارہ بھارتی فلمساز موجی بسر سے شادی کے بعد بھی فن کے میدان میں سرگرم ہیں۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران میزبان نے ان سے سوال کیا کہ اگر کسی بھارتی اداکارہ کو پاکستان لا کر ڈرامہ بنایا جائے تو وہ کس کو کاسٹ کرنا چاہیں گی؟
اس سوال کے جواب میں مدیحہ امام نے کہا کہ وہ ودیا بالن کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ودیا بالن نہ صرف ایک بہترین فلمی اداکارہ ہیں بلکہ وہ پاکستانی ٹی وی اسکرین پر بھی خود کو ایک مضبوط اداکارہ کے طور پر منوا سکتی ہیں۔
مدیحہ امام نے مزید کہا کہ اگر ودیا بالن پاکستان آتی ہیں تو وہ ہماری ٹی وی انڈسٹری کے لیے ایک مثبت اور معیاری اضافہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
بھارت میں کام کرنے سے متعلق سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ فنکاروں کو دنیا بھر میں کام کرنے کا حق ہونا چاہیے، تاہم یہ ایک حساس معاملہ ہے، اس لیے ہر قدم سوچ سمجھ کر اور بہتر فیصلے کے ساتھ اٹھانا چاہیے۔
مزید پڑھیں:یونین کونسل میں آن لائن اندراج کی سہولت، طریقہ کار جانیے


