پشاور (اوصاف نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع سوات کو انتظامی طور پر دو الگ الگ اضلاع میں تقسیم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ بورڈ آف ریونیو اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع سوات کو ڈسٹرکٹ بار سوات اور ڈسٹرکٹ سوات میں تقسیم کر دیا گیا ہے جس پر فوری عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ 19 دسمبر 2025 کو صوبائی کابینہ کے 43ویں اجلاس میں کیا گیا تھا جب کہ یہ قدم خیبر پختونخوا لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کے تحت اٹھایا گیا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عوامی مفاد اور بہتر انتظامی سہولیات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ بار سوات کا ہیڈ کوارٹر مٹہ ہو گا جبکہ اس ضلع میں تحصیل مٹہ، بحرین اور خوازہ خیلہ شامل ہوں گی۔ دوسری جانب ضلع سوات کا ہیڈ کوارٹر گل کدہ میں مقرر کیا گیا ہے جس میں بابوزئی، کبل، چارباغ اور بریکوٹ تحصیلیں شامل ہوں گی۔
حکام کے مطابق ضلع کی تقسیم سے انتظامی معاملات بہتر ہوں گے، عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کو موثر انداز میں نافذ کیا جا سکے گا۔ نئے اضلاع کی تشکیل کے بعد پولیس، عدالتی، انتخابی اور دیگر سرکاری ادارے بھی اپنی انتظامی حدود کے مطابق اقدامات کریں گے۔
مزید پڑھیں:پی ایس ایل 11،اسلام آباد یونائیٹڈ کا نیا ہیڈ کوچ مقرر




