لاہور (اوصاف نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پرواز کارڈ کے ذریعے ہنرمند نوجوانوں کو تین لاکھ روپے بلاسود فراہم کیے جائیں گے۔ یہ اعلان انہوں نے پرواز کارڈ، راہ روزگار اور سکل ڈیولپمنٹ پورٹل کے افتتاحی پروگرام کے دوران خطاب میں کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کو ریلیف اور سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرواز کارڈ کے ذریعے رقوم کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور ابتدائی مرحلے میں 50 ہزار ہنرمند نوجوانوں کو یہ کارڈ جاری کیے جائیں گے، تاکہ کوئی نوجوان وسائل کی کمی کی وجہ سے پیچھے نہ رہ جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ صوبے کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور حکومت انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ چیف منسٹر اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت 2 لاکھ بچوں کو تربیت دی گئی ہے اور ایک ہزار نوجوانوں کو گارمنٹس کے شعبے میں روزگار فراہم کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں، اور ای کامرس کے ذریعے بھی نوجوان باعزت روزگار حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام وسائل عوام کی خدمت پر خرچ کیے جا رہے ہیں، جبکہ موبائل پولیس اسٹیشن گھروں کی دہلیز پر عوام کے مسائل حل کر رہے ہیں۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ ہنر مند افرادی قوت کی طلب دنیا بھر میں ہے اور صرف تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اور دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:ملک میں موسم کی تازہ صورتحال جانیں


