اسلام آباد (اوصاف نیوز)محکمہ موسمیات نے جمعہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ شام اور رات کے دوران چترال، دیر، کوہستان، سوات اور کالام میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے، جبکہ مردان، صوابی، پشاور اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی دھند چھا سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم مری، گلیات اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی سے مکمل ابر آلود رہنے کے ساتھ شام اور رات میں ہلکی بارش یا برفباری متوقع ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، گجرات، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور گردونواح میں صبح کے وقت چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی دھند کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی سے مکمل ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ شام اور رات کے دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، چاغی، نوکنڈی، دالبندین اور گردونواح میں ہلکی بارش یا ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ تاہم شام اور رات کے دوران چند مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:وفاقی حکومت کا کرتار پور اور ننکانہ صاحب کے حوالے سے تاریخی فیصلہ
