اسلام آباد (اوصاف نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ 6 ماہ سے غیر فعال سمز کا استعمال کریں ورنہ یہ سمز بند کر دی جائیں گی۔
پی ٹی اے کے مطابق وہ سمز جو مسلسل 180 دن تک کال، میسج یا انٹرنیٹ کے لیے استعمال نہیں ہوئیں، انہیں بند کرنے کا اختیار آپریٹرز کے پاس ہوگا۔ پی ٹی اے حکام نے واضح کیا ہے کہ غیر فعال سمز بند ہونے کے بعد یہ نمبر دوبارہ کسی دوسرے صارف کو جاری کیے جائیں گے۔ اس صورت میں سابق صارف اس نمبر پر کسی بھی قانونی دعوے کا حق نہیں رکھے گا۔
پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پر بھی عوام کو اطلاع دی کہ سمز کو غیر فعال ہونے سے بچانے کے لیے انہیں وقتاً فوقتاً استعمال کرتے رہنا ضروری ہے۔ اس اقدام کا مقصد سمز کے بہتر انتظام اور مارکیٹ میں نمبرز کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔
صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر وہ اپنی پرانی سمز استعمال نہیں کر رہے تو انہیں فعال کریں یا نئے صارف کو منتقل ہونے سے پہلے ضروری اقدامات کریں۔
مزید پڑھیں:پمز میں عمران خان کی آنکھ کی سرجری کی گئی، سلمان اکرم راجا کا دعویٰ



