کوئٹہ (اوصاف نیوز) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں کا موثر جواب دینے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا اور سخت کارروائی کی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آج کوئٹہ کا دورہ کیا اور اس موقع پر انہیں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور جاری اندرونی سیکیورٹی آپریشنز کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بریفنگ میں ہندوستانی حمایت یافتہ بین الاقوامی سطح پر نامزد دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندستان کے حالیہ دہشت گردانہ حملوں اور سیکورٹی فورسز کے بروقت اور موثر جارحانہ ردعمل پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
فیلڈ مارشل کو بتایا گیا کہ موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی رٹ کو مزید مضبوط بنانے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور اہم تنصیبات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ کسی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا، تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تشدد اور دہشت گردی کو کسی جواز کے تحت نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
فیلڈ مارشل نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت، بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے ملک دشمن سازشوں کو ناکام بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ کا دورہ کیا اور پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل نے زخمی فوجیوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور مادر وطن کے دفاع میں ان کے حوصلے، استقامت اور ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کیا۔
قبل ازیں کور کمانڈر کوئٹہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کوئٹہ پہنچنے پر استقبال کیا۔
مزید پڑھیں:سرکاری ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے خوشخبری



