Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

گلگت بلتستان میں سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن باضابطہ طور پر قائم

گلگت (اوصاف نیوز) وفاقی وزیر داخلہ کے احکامات کی روشنی میں گلگت بلتستان میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کا باقاعدہ قیام عمل میں لاتے ہوئے پولیس اسٹیشن سی ٹی ڈی کو فعال کر دیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے ابتدائی طور پر 200 افسران اور اہلکاروں کے ساتھ عملی کام کا آغاز کر دیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارے کی استعداد کار میں مزید اضافے کے لیے مجموعی طور پر 600 آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل جاری سال کے دوران مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد فورس کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جائے گا۔ سی ٹی ڈی کے افسران اور اہلکاروں کی بنیادی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے کے لیے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی سی ٹی ڈی سے معاونت حاصل کی جائے گی تاکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ انسدادِ دہشت گردی نظام قائم کیا جا سکے۔

پولیس کے مطابق ایس ایس پی تنویر الحسن کو سی ٹی ڈی گلگت بلتستان کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جو ادارے کی کمان سنبھالیں گے اور دہشت گردی سے متعلق کارروائیوں کی نگرانی کریں گے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشت گردی سے متعلق اب تک درج ہونے والے تمام مقدمات (ایف آئی آرز) تھانہ سی ٹی ڈی کو منتقل کر دیے گئے ہیں تاکہ تحقیقات اور قانونی کارروائی ایک ہی پلیٹ فارم سے مؤثر انداز میں انجام دی جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی کے قیام سے خطے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں:کون سنبھالے گا بنگلادیش کی باگ ڈور؟ فیصلہ کن انتخابی معرکہ میں بی این پی اور جماعتِ اسلامی آمنے سامنے

یہ بھی پڑھیں