اسلام آباد(اوصاف نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ میں نے 14 سال جیل میں گزارے اور سختیاں برداشت کیں لیکن حوصلہ نہیں ہارا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ قربانی دینے کا حوصلہ نہیں رکھتے اور محض دعووں تک محدود رہتے ہیں۔
جمال الدین والی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ جمہوریت میں کہیں یہ نہیں لکھا کہ ہتھیار اٹھائے جائیں۔ ان کے مطابق تصادم اور جنگ کا نقصان عوام کو اٹھانا پڑتا ہے کیونکہ اس میں عام لوگوں کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے طویل عرصہ جیل میں گزارا ہے اور سیاسی جدوجہد میں صبر و استقامت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض رہنما قید کا مختصر عرصہ بھی برداشت نہیں کر پاتے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ جیل انسان کے لیے صبر اور عبادت کا موقع بھی بن سکتی ہے، اور آزمائش کے وقت میں استقامت ہی کامیابی کی بنیاد بنتی ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر آصف علی زرداری نے کہا کہ ان کی جماعت ملک بھر میں اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی اور مستقبل میں پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے کردار ادا کرے گی۔
مزید پڑھیں:مہنگائی کےستائے عوام کےلیے بری خبر،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان


