ممبئی (شوبز ڈیسک) معروف بالی ووڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں نے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی تاہم ان کی ٹیم نے تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے صورتحال واضح کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈائریکٹر کو ان کی 63 ویں سالگرہ کے موقع پر دل کا دورہ پڑنے کے بعد ممبئی کے این ایچ اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
یہ خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ان کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں تیزی سے پھیلنے لگیں۔
تاہم بعد ازاں ڈائریکٹر کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سنجے لیلا بھنسالی مکمل طور پر ٹھیک ہیں اور ان کی صحت سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
سنجے لیلا بھنسالی بالی ووڈ کے ان ہدایت کاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے اپنی منفرد فلم سازی کے ذریعے اپنے لیے ایک جگہ بنائی ہے۔ انہوں نے بطور ہدایت کار اپنے کیریئر کا آغاز فلم ’’خاموشی‘‘ سے کیا، جب کہ ’’ہم دل دے چکے صنم‘‘ اور ’’دیوداس‘‘ جیسی فلموں نے انہیں بین الاقوامی شہرت دلائی۔
دوسری جانب معروف میوزک کمپوزر اسماعیل دربار نے بھی حال ہی میں ایک انٹرویو میں بھنسالی کے ساتھ اپنے تعلقات پر بات کی اور ماضی میں ہونے والے اختلافات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ان کے ساتھ طویل عرصے تک کام کیا لیکن ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ میں ان کی جگہ آنے پر انہیں بہت دکھ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے ڈیڑھ سال تک اس پراجیکٹ پر کام کیا لیکن بعد میں بغیر پیشگی اطلاع کے انہیں تبدیل کر دیا گیا۔ اسماعیل دربار کے مطابق ماضی میں فلموں کے گانوں کے حوالے سے اختلافات کے باوجود بھنسالی سے ان کے تعلقات قریبی رہے لیکن اس واقعے نے انہیں مایوس کیا۔
بھنسالی کی صحت سے متعلق افواہوں کی تردید کے بعد مداحوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:سونے کی قیمتوں میںکمی ، جانیے فی تولہ نئی قیمت کتنی ؟


