لاہور (اوصاف نیوز) پنجاب یونیورسٹی نے عید الفطر 2026 اور موسم بہار کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔ جمعہ 20 مارچ سے پیر 23 مارچ 2026 تک یونیورسٹی مکمل طور پر بند رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی نے عیدالفطر 2026 اور موسم بہار کی تعطیلات کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس میں تعطیلات کے اوقات اور تعلیمی و انتظامی شعبوں کی بحالی کی تاریخوں کی وضاحت کی گئی ہے۔
عید الفطر کے موقع پر جمعہ 20 مارچ سے پیر 23 مارچ 2026 تک یونیورسٹی مکمل طور پر بند رہے گی۔ اس بندش کا اطلاق تمام تدریسی و انتظامی شعبوں، دفاتر، اداروں، مراکز، کالجوں اور اسکولوں پر ہوگا اور اس دوران باقاعدہ کلاسز اور کام معطل رہے گا۔
عید کے بعد پنجاب یونیورسٹی میں 24 مارچ بروز منگل سے 27 مارچ 2026 بروز جمعہ تک موسم بہار کی تعطیلات ہوں گی، اس دوران تعلیمی شعبے، ادارے، سینٹرز اور کالجز بند رہیں گے جب کہ 30 مارچ 2026 بروز پیر سے کلاسز اور تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوں گی۔
اہم بات یہ ہے کہ انتظامی عملہ 24 مارچ سے ڈیوٹی پر واپس آجائے گا تاکہ دفتری کام اور تعلیمی انتظامات بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں۔
رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام کے دستخط سے جاری کردہ نوٹیفکیشن یونیورسٹی قیادت اور متعلقہ دفاتر میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔
یونیورسٹی نے طلباء اور عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اعلان کردہ تاریخوں کے مطابق اپنے معمولات اور سفر کی منصوبہ بندی کریں۔
مزید پڑھیں:موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ کے حوالے سے اہم فیصلہ
