پشاور (نیوز ڈیسک) عیدالفطر قریب آتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں چکن کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں صرف ایک ہفتے کے دوران چکن کی فی کلو قیمت میں 45 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پولٹری مارکیٹ میں زندہ مرغی کی قیمت 405 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جس کے باعث گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
اسی طرح لاہور کی اوپن مارکیٹ اور رمضان بازاروں میں بھی چکن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد چکن 8 روپے مہنگا ہو کر 519 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے جب کہ صاف گوشت کی قیمت 600 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق زندہ برائلر کا فارم ریٹ 330 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ ہول سیل قیمت 344 روپے اور پرچون قیمت 358 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور فی درجن قیمت دو روپے اضافے سے 202 روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب مہنگائی کا اثر سبزیوں اور پھلوں پر بھی واضح نظر آرہا ہے، مختلف سبزیوں کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے جب کہ پھلوں کی قیمتوں میں بھی 50 روپے فی کلو اضافہ ہورہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عید سے قبل قیمتوں میں اس اضافے نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
مزید پڑھیں:ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ،عوام کے لیے بڑا دھچکا




