اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے رمضان المبارک کے بعد سرکاری دفاتر کے نئے اوقات کار کا اعلان کر دیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق رمضان المبارک کے بعد سرکاری دفاتر کے نئے اوقات کار کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ان نئے اوقات کار کا اطلاق عید کی تعطیلات کے فوراً بعد ہو گا۔
تمام سرکاری دفاتر جہاں ہفتے میں پانچ دن کام ہوتا ہے ان کے دفتری اوقات صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہوں گے۔ ان دفاتر میں دوپہر ایک بجے سے ڈیڑھ بجے تک دوپہر کا کھانا اور نماز کا وقفہ ہوگا۔
جن دفاتر میں ہفتے میں چھ دن کام ہوتا ہے ان کے اوقات کار صبح آٹھ بجے سے دوپہر تین بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ ان دفاتر میں نماز اور دوپہر کے کھانے کے لیے بھی ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کا وقفہ دیا جائے گا۔
حکومتی اعلان کے مطابق تمام وفاقی وزارتوں اور ماتحت اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عید کی تعطیلات کے بعد ان نئے اوقات کار کی پابندی کو یقینی بنائیں۔
مزید پڑھیں:بھارتی پروازوں پر بڑا حکومتی فیصلہ، فضائی پالیسی میں اہم تبدیلی

