اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مستحقین کو بھیجے جانے والے لاٹری یا انعامی رقم کے پیغام کی حقیقت سامنے آگئی۔
بی آئی ایس پی کی جانب سے جاری بیان میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں کو متنبہ کیا گیا کہ تنظیم کی جانب سے ایسا کوئی پیغام نہیں بھیجا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحقین کو لاٹری یا انعامی رقم کا کوئی پیغام نہیں بھیجتا، موصول ہونے والے ایسے تمام پیغامات جعلی ہیں، لہٰذا ان پر اعتماد نہ کریں۔
واضح رہے کہ استفادہ کنندگان کو ماضی میں بھی ایسے پیغامات موصول ہوتے رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے رجسٹرڈ شہریوں کے لیے ادائیگی کا نیا نظام ’سوشل پروٹیکشن والیٹس‘ متعارف کرایا ہے۔
بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق ادائیگی کے نظام کو مزید شفاف اور آسان بنانے کے لیے رجسٹرڈ شہریوں کے لیے سوشل پروٹیکشن والیٹس کا آغاز کیا گیا ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ سوشل پروٹیکشن والٹس سسٹم کے تحت رجسٹرڈ خواتین میں مفت سم کارڈز تقسیم کیے گئے ہیں۔ خواتین اپنے اصل شناختی کارڈ اور موبائل فون کے ساتھ قریبی بی آئی ایس پی آفس یا نامزد کیمپ میں جائیں جہاں بائیو میٹرک تصدیق کے بعد انہیں مفت موبائل سم فراہم کی جائے گی جس کے ذریعے ان کا سوشل پروٹیکشن والیٹ ایکٹیویٹ ہو جائے گا۔
‘خواتین کو سم حاصل کرنے کے لیے کسی کو رقم ادا نہیں کرنی چاہیے کیونکہ یہ بالکل مفت ہے، سوشل پروٹیکشن والیٹس صرف بی آئی ایس پی کی جانب سے سم پر بنائے جائیں گے، اس لیے کسی غیر مجاز شخص یا ادارے سے رابطہ نہ کریں۔’
چیئرپرسن کے مطابق مستقبل میں تمام ادائیگیاں اسی سوشل پروٹیکشن والیٹس کے ذریعے منتقل کی جائیں گی جبکہ ادائیگیوں سے متعلق پیغامات بھی اسی سم پر موصول ہوں گے۔
مزید پڑھیں:پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا بڑا اعلان، مسافروں کے لیے اہم خبر





