اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں نادرا سے متعلق ایک اہم حکومتی ترمیمی بل کی منظوری دے دی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق یہ بل اعظم نذیر تارڑ نے وزیر داخلہ کی ایما پر سینیٹ میں پیش کیا۔ کمیٹی سے منظوری کے بعد بل کو حتمی منظوری کے لیے سینیٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
ترمیمی بل کے تحت نادرا کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کسی بھی شہری کا شناختی کارڈ 60 روز کے لیے بلاک کر سکے۔ وزارت داخلہ کے مطابق شناختی کارڈ ایک حساس اور قومی سلامتی سے متعلق دستاویز ہے، جس کا غلط استعمال سیکیورٹی اور معیشت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
وزارت داخلہ نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ قوانین کی کمی کے باعث نادرا کو شدید آپریشنل مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کے مطابق جرائم پیشہ عناصر اکثر قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے مختلف حیلے بہانے استعمال کرتے ہیں اور اتھارٹی کے ساتھ تعاون نہیں کرتے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس ترمیم کے ذریعے نادرا کو مؤثر اختیارات ملیں گے، جس کے تحت کسی بھی مشتبہ شخص کا شناختی کارڈ عارضی طور پر بلاک کیا جا سکے گا تاکہ قومی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹا جا سکے۔
مزیدپڑھیں:پاکستان تاجکستان جوائنٹ ورکنگ گروپ کا چار سال بعد اجلاس
