اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے عوام کو سستا پیٹرول فراہم کرنے کے لیے 24 ہزار فون خریدنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے عوام کو سستا تیل فراہم کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے اہم اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
اس سلسلے میں وزارت آئی ٹی نے 24 ہزار موبائل فونز کی خریداری کے لیے ’اظہار دلچسپی‘ کو مدعو کیا ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شازہ فاطمہ خواجہ نے واضح کیا ہے کہ ان موبائل فونز کی خریداری پر قومی خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان تمام فونز کے لیے رقم آئل مارکیٹنگ کمپنیاں فراہم کریں گی جب کہ ان فونز کی قیمت کا تعین نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کرے گا۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت اوگرا ڈیش بورڈ کو فعال کیا جا رہا ہے، جسے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور ڈیٹا انٹری کے فروغ، پٹرولیم سپلائی چین کی مکمل اور شفاف نگرانی کے لیے استعمال کیا جائے گا:۔
انہوں نے مزید کہا کہ طویل مدتی اصلاحات کے ذریعے توانائی کے بحران سے نمٹنے کی قومی صلاحیت میں بہتری آئے گی۔ اوگرا کا ڈیش بورڈ پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور سپلائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد دے گا۔
مزید پڑھیں:نادرا سے متعلق اہم ترمیمی بل منظور،عوام کے لیے بڑی خبر
