اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزارت مذہبی امور نے حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عازمین حج کے لیے ایک جامع سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب حج تربیت، ویکسینیشن اور ادویات کی پیکنگ کی سہولیات ایک ہی دن میں فراہم کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر کے دس حاجی کیمپوں میں یہ عمل 8 اپریل سے شروع ہوگا۔ تمام سرکاری عازمین حج کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق حاجی کیمپ میں شرکت کریں۔
وزارت مذہبی امور کے حکام نے بتایا کہ پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے اپنے شیڈول کے مطابق تربیت اور ویکسینیشن میں شرکت کرنا لازمی ہوگی۔ تربیتی سیشن کے دوران حاجی اپنے ٹکٹ، ویزا، شناختی لاکٹ اور کوائف نامے (لگیج ٹیگ) بھی لے کر آئیں گے تاکہ تمام امور بیک وقت مکمل کیے جا سکیں۔
ترجمان وزارت نے مزید کہا کہ عازمین حج اپنا اصل شناختی کارڈ اور تصویر والی کمپیوٹرائزڈ بینک رسید بھی ہمراہ لائیں۔ علاوہ ازیں، حاجی کیمپوں میں کرنسی نوٹوں کے تبادلے کے لیے متعلقہ بینکوں کے کاؤنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ مالی امور میں آسانی ہو۔
مزید پڑھیں:گاڑی مالکان کے لیے بڑی خبر، نمبر پلیٹس کے حوالے سے نئے اقدامات
