اسلام آباد (نیوز ڈیسک) شوگر سیکٹر کی ڈی ریگولیشن کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی کی سفارشات مکمل کر لی گئیں۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطحی کمیٹی کی سفارشات وزیراعظم کو پیش کر دی گئی ہیں جس کے تحت شوگر سیکٹر میں مسابقت بڑھانے اور مارکیٹ کو آزاد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے برآمدات بڑھانے کے لیے واضح طریقہ کار متعارف کرانے اور کسانوں کو فصل اور فروخت کے فیصلوں میں مکمل آزادی دینے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں بہتر قیمتوں کے حصول کے لیے مارکیٹ سسٹم کو مضبوط بنانے پر زور دیا جا رہا ہے، شوگر ملز کو ایتھنول اور دیگر مصنوعات تیار کرنے کی بھی اجازت دی جائے گی جب کہ سفارشات میں کسانوں کو بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنانے اور شفافیت بڑھانے کے لیے اقدامات شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ شوگر سیکٹر میں ریسرچ، بفر اسٹاک اور مارکیٹ سرویلنس کو بہتر بنانے کی سفارش کی گئی ہے اور ایندھن کی درآمدی لاگت کو کم کرنے کے لیے ایتھنول کی ملاوٹ کو فروغ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کسانوں کی جانب سے مخصوص شوگر ملوں کو گنے کی فروخت پر پابندی اٹھانے اور شوگر ملوں کو مارکیٹ کے مطابق قیمتیں مقرر کرنے کی اجازت دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:ایران سے افسوسناک خبر ،مشیر سپریم لیڈر کی اہلیہ شہید
