Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

پشاور زلمی نے سنسنی خیز میچ میں کراچی کنگز کو ہرا دیا

کراچی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز میچ میں کراچی کنگز کو 159 رنز کے ریکارڈ مارجن سے ہرا دیا۔ پشاور زلمی کے 247 رنز کے ہدف کے سامنے کراچی کنگز کی ٹیم 87 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور یہ فیصلہ ان کے لیے تباہ کن ثابت ہوا۔

زلمی کا آغاز اچھا نہیں تھا جہاں انہیں صفر پر جارح مزاج محمد حارث کی وکٹ گنوانی پڑی جنہیں اسپنر خوشدل شاہ نے آؤٹ کیا۔ تاہم اس کے بعد کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور کوشل مینڈس نے دھواں دار اننگز کھیل کر پی ایس ایل میں اپنا سب سے بڑا سکور بنا لیا جب کہ بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 12 ہزار رنز بنانے کا سنگ میل بھی عبور کیا۔ کوشل مینڈس نے 52 گیندوں پر 109 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے اور 4 زبردست چھکے شامل تھے۔

بابر اعظم اور کوشل مینڈس نے دوسری وکٹ کے لیے 191 رنز کی شراکت قائم کی جو پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ مینڈس کو عباس آفریدی نے 17ویں اوور میں آؤٹ کیا جب کہ بریسویل کی اننگز بھی عباس نے اسی اوور میں ختم کی۔ اختتامی لمحات میں عبدالصمد نے 12 گیندوں پر 40 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 246 رنز تک پہنچا دیا۔ دوسرے سرے پر کپتان بابر اعظم 51 گیندوں پر 87 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ پشاور زلمی نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 اور خوشدل شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم 17ویں اوور میں صرف 87 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اعظم خان 25، سعد بیگ 14 اور خوشدل شاہ 10 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جب کہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

پشاور زلمی کے بولرز بھی بلے بازوں کی طرح اپنی کارکردگی دکھانے میں پیچھے نہ رہے۔ زلمی کی ناہید رانا نے 7 رنز کے عوض 3، افتخار احمد نے 9 رنز کے عوض 3 اور سفیان مقیم نے 18 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایک کھلاڑی کو شوراف اسلام نے آؤٹ کیا۔ پشاور زلمی کے بلے باز کوشل مینڈس کو عمدہ سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی پشاور زلمی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 7 پوائنٹس اور بہتر رن اوسط کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلی گئی۔
مزید پڑھیں‌:اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی مذاکرات امریکا میں ہوں گے؛ رپورٹ

یہ بھی پڑھیں