اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایران سے ایل پی جی کی سپلائی بحال ہونے کے بعد پاکستان میں گیس کی قیمتوں میں کمی کا رجحان شروع ہو گیا ہے۔
ایف پی سی سی آئی کی ایل پی جی سٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر علی حیدر کے مطابق ایران سے یومیہ تقریباً 6 ہزار ٹن ایل پی جی کی سپلائی جنگ بندی اور نوروز کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد معمول پر آ گئی ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں گیس کی دستیابی میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپلائی بحال ہونے کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں 20 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے جب کہ آنے والے دنوں میں مزید 50 روپے فی کلو کمی متوقع ہے۔
علی حیدر کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 304 روپے فی کلو مقرر کی تھی تاہم بعض عناصر نے قیمت 440 سے 450 روپے فی کلو تک بڑھا دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی ایل پی جی کی 65 فیصد ضروریات درآمدات کے ذریعے پوری کرتا ہے جس میں سے 90 فیصد سپلائی ایران سے آتی ہے۔
مزید پڑھیں:پیٹر سڈل کا ’چاچا‘ لقب عالمی سطح پر مقبول، دوستوں نے بھی اسی نام سے پکارنا شروع کردیا
