کراچی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 22ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف دیا ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔
محمد حارث کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کا آغاز تیز ہوا تاہم حارث 17 گیندوں پر 38 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
نئے بلے باز کوشل مینڈس تھے جنہوں نے زلمی کے لیے مسلسل تیسری نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 40 گیندوں پر 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
فرحان یوسف نے 30، کپتان بابر اعظم نے 18، مائیکل بریسویل نے 14 اور افتخار احمد نے 10 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد اسماعیل اور پیٹر سڈل نے دو دو جبکہ محمد نواز اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس سے خطاب کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس پچ پر 180 سے 190 کا سکور اچھا رہے گا۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم اب تک 5 میچز میں ناقابل شکست ہے جہاں اس نے 4 میچز جیتے اور ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا۔
پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی پہلے جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان سپر لیگ 11 کے تمام میچز پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سپر اور مائکو ایپ پر براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:عدالت حرکت میں آگئی،وزیراعلیٰ کے خلاف بڑا ایکشن
