لاہور (نیوز ڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کے میزبان جسٹس (ر) نذیر احمد غازی کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے پروگرام کی ریکارڈنگ مکمل کر کے دفتر سے واپس گھر جا رہے تھے کہ پیکو روڈ کے علاقے پنڈی سٹاپ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے اچانک گاڑی کو نشانہ بنایا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں جسٹس (ر) نذیر احمد غازی محفوظ رہے تاہم گاڑی میں موجود معروف مذہبی رہنما اور تحریک حرمت رسول پاکستان کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق گولی ان کے بازو میں لگی جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور واقعے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس واقعے نے شہر میں سیکورٹی کی صورتحال پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش کی جا رہی ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ شہریوں نے بھی واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مزیدپڑھیں:پیٹرول سےمتعلق نئی اپڈیٹ،مکمل تفصیلات
