اسلام آباد(رضوان عباسی سے)وفاقی حکومت اور عارف حبیب کنسورشیم کے درمیان قومی ایئرلائن کی نجکاری کے عمل میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کنسورشیم نے تقریباً 45 ارب روپے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص بھی خرید لیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت کنسورشیم نے باقی حصص کی خریداری کے لیے مطلوبہ بینک گارنٹی بھی جمع کرا دی ہے جبکہ اس کے پاس پہلے ہی پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز موجود تھے۔ اس نئی پیش رفت کے بعد کنسورشیم قومی ایئرلائن کی مکمل ملکیت حاصل کرنے کے قریب پہنچ گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے نجکاری معاہدے کے تحت کنسورشیم کو بقیہ 25 فیصد حصص خریدنے کا آپشن دیا تھا، جسے اب استعمال کرتے ہوئے کنسورشیم نے مطلوبہ رقم جمع کرا دی ہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ مئی کے مہینے میں کنسورشیم پی آئی اے کا مکمل انتظامی کنٹرول سنبھال لے گا۔
ذرائع کے مطابق اس کنسورشیم میں ملک کے کئی بڑے کاروباری ادارے شامل ہیں جن میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی، لیک سٹی ہولڈنگز اور فاطمہ گروپ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عارف حبیب لمیٹڈ، سٹی اسکول اور اے کے ڈی گروپ بھی کنسورشیم کا حصہ ہیں۔
نجکاری کے اس مرحلے کو حکومت کی معاشی اصلاحات اور سرکاری اداروں کی تنظیمِ نو کے عمل میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس اقدام سے قومی ایئرلائن کی مالی اور انتظامی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں:عدالتی نظام میں بڑی تبدیلیاں،اہم فیصلے سامنے آگئے
