کراچی (نیوز ڈیسک) سندھ حکومت نے کم آمدنی والے علاقوں اور صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے سبسڈی پروگرام پر کام شروع کردیا۔
سندھ حکومت نے شہر کے پسماندہ علاقوں اور صنعتی زونز کو سستی بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سبسڈی پروگرام متعارف کرانے پر غور شروع کردیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کے چیئرمین شہریار چشتی سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں کمپنی کے اعلیٰ حکام اور صوبائی افسران نے بھی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ توانائی اور کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ وہ مشترکہ طور پر پلان کا تفصیلی مطالعہ کریں تاکہ کم آمدنی والے علاقوں اور صنعتوں کے لیے بجلی سستی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق صارفین کو براہ راست ریلیف فراہم کرنے کے لیے موثر حکمت عملی تیار کی جائے۔
اجلاس میں موسم گرما کے آغاز کے پیش نظر لوڈ شیڈنگ کم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے پسماندہ علاقوں میں بجلی کی طویل بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے اور اس سلسلے میں فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
حکام کے مطابق سبسڈی پروگرام کے تحت ایسے اقدامات تجویز کیے جائیں گے جن سے غریبوں پر مالی بوجھ کم ہو گا اور صنعتی سرگرمیوں میں بھی مدد ملے گی تاکہ شہر کی معیشت مستحکم ہو سکے۔
مزید پڑھیں:شرم ہے نہ عقل، حنا پرویز بٹ کی رجب بٹ پر کڑی تنقید
