اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بجٹ کے بعد قومی شناختی کارڈ کی تجدید اور بچوں کے بی فارم کی رجسٹریشن پر اضافی فیس یا جرمانے عائد کیے جا سکتے ہیں۔ نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے زائد المیعاد قومی شناختی کارڈ کی تجدید اور بچوں کے بی فارم کی رجسٹریشن 30 جون 2026 تک مکمل کر لیں تاکہ ممکنہ اضافی مالی بوجھ سے بچا جا سکے۔
اتھارٹی کے مطابق نئے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے بعد نادرا سروسز کے فیس اسٹرکچر پر نظرثانی کی جاسکتی ہے جس کے بعد شناختی کارڈ، بچوں کے بی فارم اور دیگر متعلقہ دستاویزات پر اضافی فیس یا جرمانے عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ نادرا نے خصوصی طور پر والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی رجسٹریشن کریں جن کے بی فارم ابھی تک نہیں بنے۔ اسی طرح جن بچوں کے بی فارم سمارٹ شناختی کارڈ کے لیے عمر کو پہنچ چکے ہیں وہ اپنے سمارٹ کارڈ بروقت سمارٹ کارڈ میں تبدیل کروا لیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جو شہری وقت پر رجسٹریشن نہیں کرائیں گے انہیں مستقبل میں اضافی فیس یا قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ نادرا نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ جون کے آخر سے پہلے اپنے اور اپنے بچوں کے لیے ضروری شناختی دستاویزات مکمل کر لیں۔ نادرا کے مطابق شہری کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے قریبی نادرا آفس سے رابطہ کریں اور سی این آئی سی، بی فارم یا دیگر دستاویزات سے متعلق تمام ضروری طریقہ کار کو مقررہ وقت میں مکمل کریں۔
مزید پڑھیں:پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی





