ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ بابر اعظم پاکستان کے بہترین کھلاڑی اور بلے باز ہیں اور جب بھی بابر اعظم رنز بناتے ہیں تو اس سے انہیں اعتماد ملتا ہے۔ ڈھاکہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ بابر پی ایس ایل کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ سیریز میں بھی رنز بنائیں گے۔ شان مسعود نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ ہمارے کوچ وہ ہیں جن کے ساتھ ہم کھیل چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی اپنی طاقت ہے اور ہماری اپنی طاقت ہے، ہم کسی اپوزیشن کو آسان نہیں لیتے، ہم بنگلہ دیش کے خلاف ان کی ہوم کنڈیشنز میں کھیل رہے ہیں اور یہ ہمارے لیے چیلنج ہے۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہمارا اسکواڈ اچھا ہے، اب اس پر منحصر ہے کہ 10 دن میں کون اچھی کرکٹ کھیلتا ہے، ہم پچ کا حتمی جائزہ لیں گے اور پھر پلیئنگ الیون کا فیصلہ کریں گے۔
شان مسعود نے کہا کہ پچ دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اس سے پیسرز کو کافی مدد ملے گی اور پچ پر اب بھی گھاس ہے۔ شان مسعود نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے پاس اچھا باؤلنگ اٹیک ہے، امید ہے کہ وہ ان کے خلاف اچھے رنز بنائیں گے، ہم نے اسکواڈ کو اس طرح بنایا ہے کہ ہم کنڈیشنز کے مطابق پلیئنگ الیون کو میدان میں اتار سکیں۔
شان مسعود نے کہا کہ ہمارے ٹاپ آرڈر میں جو تبدیلیاں آئی ہیں وہ انجری کے باعث آئی ہیں، مڈل آرڈر کسی بھی ٹیم کا انجن ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ پیغام بہت واضح ہے کہ جب تک آپ 20 وکٹیں نہیں لیں گے آپ میچ نہیں جیت سکتے، ٹیسٹ میچ میں بولرز کا بڑا کردار ہوتا ہے اور مجھے اپنے بولرز پر پورا بھروسہ ہے۔
مزید پڑھیں:بجلی سستی ہوگی یا مہنگی؟جانیے تفصیلات

