ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) شاہین آفریدی نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے اہم سنگ میل عبور کر کے تاریخ رقم کر دی۔
بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر نے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اوپنر محمود الحسن جوئے کو پویلین کی راہ دکھاتے ہی وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے۔
شاہین شاہ آفریدی نے یہ اعزاز صرف 28 ڈبلیو ٹی سی میچوں میں حاصل کیا، پاکستانی باؤلرز میں ان کے سب سے قریب نعمان علی ہیں جنہوں نے اب تک 20 میچوں میں 89 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ ناتھن لیون کے پاس ہے جنہوں نے 55 میچوں میں 224 وکٹیں حاصل کیں۔ پیٹ کمنز 54 میچوں میں 222 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ مچل اسٹارک 52 میچوں میں 221 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
مزید پڑھیں:وجے نے وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھاتے ہی بطور رکن اسمبلی استعفیٰ دے دیا

