چنیوٹ: مومنہ اقبال کیس میں ایک نیا موڑ سامنے آیا ہے جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی نے اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشہ اقبال کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھوانہ تھانے میں جمع کرائی گئی درخواست میں رکن اسمبلی صادق چدھڑ نے رمشہ اقبال پر اعتماد کی خلاف ورزی اور مبینہ طور پر رقم کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔
درخواست کے متن کے مطابق رمشہ اقبال آسٹریلیا کے ویزے کے لیے درخواست دینا چاہتی تھیں اور اس مقصد کے لیے مضبوط بینک اسٹیٹمنٹ درکار تھی۔ شکایت کنندہ کا مؤقف ہے کہ انہوں نے اعتماد کی بنیاد پر مالی معاونت فراہم کی تاکہ ویزا درخواست کے لیے مالی حیثیت بہتر دکھائی جا سکے۔
درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رمشہ اقبال کو مجموعی طور پر 8 کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔ شکایت کے مطابق 3 کروڑ 90 لاکھ روپے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے اکاؤنٹ سے رمشہ اقبال کے بینک الفلاح اکاؤنٹ میں منتقل کیے گئے جبکہ مزید 4 کروڑ 10 لاکھ روپے مختلف مواقع پر نقد صورت میں دیے گئے۔
شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ تمام رقم اعتماد کی بنیاد پر دی گئی تھی، تاہم بعد میں مبینہ طور پر رقم واپس نہیں کی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق درخواست موصول ہونے کے بعد معاملے کا قانونی اور حقائق کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ مزید کارروائی قانون کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔
تاحال رمشہ اقبال یا اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔


