اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا ایک سرکاری وفد آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ایران جائے گا۔ انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ان کی تفصیلی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جو تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہی۔ اس دوران ایرانی صدر نے پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو سراہا۔
شہباز شریف کے مطابق ایرانی صدر نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان ایران کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا۔ انہوں نے پاکستان کی قیادت اور ریاستی اداروں کے کردار کو بھی سراہا اور خصوصی طور پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے ایوان کو بتایا کہ انہوں نے ایرانی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جسے صدر پزشکیان نے قبول کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کی پالیسی پر کاربند ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ پاکستانی وفد آیت اللہ خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت کر کے پاکستان کی جانب سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرے گا۔




