Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے 3 خصوصی تکنیکی ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ ایران کے صدر نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا ایک روزہ خصوصی دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم سے اہم ملاقاتیں کیں۔

ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم سے باضابطہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی قیادت نے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن اسٹاک میں ایران اور امریکا کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں مذاکرات کا انعقاد ہوا، جبکہ 21 جون کو مذاکرات کا دوسرا دور بھی منعقد کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی۔

ترجمان کے مطابق مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے 3 خصوصی تکنیکی ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں۔ پہلا گروپ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملات کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ دوسرا گروپ پابندیوں اور منجمد اثاثوں کے مسائل پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تیسرا ورکنگ گروپ لبنان کی صورتحال اور اس سے متعلق امور کا جائزہ لے رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ان گروپس کی سفارشات کی روشنی میں مذاکرات کے آئندہ مراحل کو آگے بڑھایا جائے گا۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کے فروغ کے لیے اپنی تعمیری کوششیں جاری رکھے گا اور تمام فریقین کے درمیان مکالمے اور تعاون کی حمایت کرتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں